دمشق12اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)جمعے کی شب شامی صوبے درعا میں حکومت مخالف جنگجوؤں کے ہیڈکوارٹر کے قریب ہونے والے ایک بم دھماکے میں کم از کم 23 باغی ہلاک ہو گئے ہیں۔ شامی تنازعے پر نگاہ رکھنے والی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائس کے مطابق یہ دھماکا ایک خودکش بمبار کے ذریعے جیش الاسلام نامی باغی گروپ کے ایک اجلاس کے وقت کیا گیا۔ آبزرویٹری کے مطابق اس واقعے میں دیگر 20 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ جیش الاسلام سلفی مسلمانوں کی عسکری تنظیم ہے، جو دمشق کے قریبی علاقے دوما اور جنوبی شامی علاقوں میں سرگرم ہے۔ خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق اس گروپ کو سعودی تعاون حاصل رہا ہے۔